چین کا ٹی کس (Ticket to China, Urdu/Hindi pod cast)

Mar 07, 2015, 09:06 PM

چین کا ٹی کس (Ticket to China, Urdu/Hindi pod cast) ان شا اسکول کے گیٹ سے کچھ ہی دور، سڑک کے دوسری جانب واقع پیٹرول پمپ کے کونے پر پرانے ٹائروں میں گھری ایک چھوٹی سی دوکان تھی۔ کام کرنے والوں میں شامل وُہ دُبلے پتلے ہاتھ صبح سے شام تک اپنے بازو سے زیادہ بھاری ہتھوڑا اٹھاتے اور پنکچر شدہ ٹائر کے فولادی رِم کے کنارے کنارے پے در پے وار سے اُسے ڈھیلا کر دیتے تاکہ ٹیوب نکال کر پنکچر لگایا جا سکے۔ ایسا لگتا تھا کہ چیکٹ ملبوس میں مسلسل کام کر تا یہ بارہ سالہ وجود انسان نہیں بلکہ ایک روبوٹ ہے۔ سر جھکائے بیشتر وقت خاموش ، مگر غصے سے بھرے بھرپور ہتھوڑے کے پے در پے وار ۔ اسکول کی چھٹی ہوتے ہی روبوٹ کے بازو تھوڑی دیر کو کام کرتے کرتے رک جاتے۔ ملگجی اور اداسس آنکھیں سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر آگے بڑھنے لگتیں۔ شاندار یونیفارم پہنے خوش قسمتی کے ہجوم کے استقبال کے لیے۔ آج جب پنکچر لگانے کے انتظار میں کھڑی چمکیلی کار کے ساتھ ہی کھڑے دو بابوؤں میں سے ایک نے دوران گفتگو اپنی دلیل کو مزید وزنی بناتے ہوئے یہ کہا کہ ہمارے نبی اکرم نے فرمایا ہے کہ علم حاصل کرو خواہ تمہیں چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ تو گم سم کام کرتا روبوٹ ایک لمحےکو رکا۔ ملجگی آنکھیں اوپر کو اٹھیں. پھر اس نے ایک با لکل بے تکا سا سوال کیا باؤجی کتنے تک کا آجائے گا یہ چین کا ٹی کس؟ شارق علی www.valueversity.com