FIGHTER PILOT فائیٹر پائیلٹ ، سیج، انشے سیریل، پینتیسواں انشا FIGHTER PILOT, SAGE, URDU / HINDI PODCAST SERIAL, EPISODE 35

Nov 26, 2017, 01:44 PM

FIGHTER PILOT فائیٹر پائیلٹ ، سیج، انشے سیریل، پینتیسواں انشا FIGHTER PILOT, SAGE, URDU / HINDI PODCAST SERIAL, EPISODE 35 Mauripur in Karachi was home for Harvey, a fighter pilot from Saffron Walden in England. His first love was his single-engine hawker tempest. He used to flew it under the Lansdowne bridge between Rohri and Sukker فائیٹر پائیلٹ ، سیج، انشے سیریل، پینتیسواں انشا، شارق علی اسکواڈرن فائیو کا میں واحد فائیٹر پائیلٹ تھا جو اپنے ایک انجن والے ہاکر ٹیمپسٹ جہاز کو روہڑی اور سکھر کو ملانے والے پرانے لینز ڈاؤن پل کے نیچے سے گزار کر سب کو حیران کر دیتا تھا۔ اٹھارہ سو اناسی میں تعمیر ہونے والا یہ پل برطانوی انجینیئرنگ کا معجزہ ہے اور میری مہارت بیسویں صدی کی برطانوی فضائیہ کا کمال۔ ہاروی یہ قصہ سناتے ہوئے یوں جوش میں آتا جیسے وہ پل کے نیچے سے جہاز لئے بس ابھی گزرا ہو۔ سوفی کی خالہ ڈاکٹر مینا سے تعارف ہوا تو کچھ دیر بعد ہی برسوں کی شناسائی محسوس ہونے لگی ۔ سیج میں بوڑھوں کی بہبود پر ہونے والے مذاکرے میں ان کی شراکت کی وجہ تو انگلینڈ کے قصبہ سیفرون والڈن کے ہسپتال میں کی گئی ان کی تحقیق تھی لیکن بات بوڑھے مریضوں کے سنائے دلچسپ قصوں تک جا پہنچی تھی۔ بات جاری رکھتے ہوئے بولیں۔ میں جب بھی وارڈ راؤنڈ کرتے ہوئے چھیانوے سالہ ہاروی کے بستر پر پہنچتی تو کمزور یاد داشت کا یہ مریض مجھ سے ہر روز یہی سوال کرتا۔ کس شہر سے ہو تم؟ جواب میں کراچی سنتے ہی وہ دراز میں سے بلیک اینڈ وائٹ تصویر نکال لیتا جس میں دراز قد سنہری بالوں والا نوجوان پائیلٹ ایک انجن کے ہاکر ٹیمپسٹ طیارے پر ہاتھ دھرے مسکرا رہا تھا ۔ پھر کہتا۔ یہ انیس سو چھیالیس کا کراچی ہے یہ ۔ ان دنوں ماڑی پورمیرا گھر تھا۔ کچھ دن میں جہاز کی مرمت کے سلسلے میں ڈرگ روڈ کی مینٹیننس ورکشاپ میں بھی رہ چکا ہوں۔ فوجی لحاظ سے ماڑی پور بہت مصروف ائیرپورٹ تھا ان دنوں ۔ پھر اپنا جہاز یاد کر کے وہ کچھ یوں اداس ہوتا جیسے عاشق پہلی محبت کو یاد کر کے۔ اسی سے پتہ چلا کے ماڑی پور انیس سو چھپن تک رویل ایئرفورس کے زیرِ استعمال رہا تھا ۔ آپ کے ہسپتال کے قصبے سیفرون والڈن کی بھی کچھ تفصیل؟ رمز نے کہا ۔بولیں. گھنے درختوں، کھیتوں اور سبزہ زاروں میں گھرا یہ قصبہ بارہویں صدی سے آج تک منگل اور سنیچر کے دن مارکیٹ لگنے کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ پھل، سبزیاں اور روز مرہ ضرورت کی ہر چیز موجود۔ آبادی کے آثار تو پتھر کے زمانے سے ملتے ہیں لیکن رومن زمانے کے قلعے کی باقیات اب تک موجود ہیں۔ یوں تو کاسل اور برج اسٹریٹ کی پرانی تاریخی عمارتیں بھی خوب ہیں لیکن سینٹ میری چرچ کی صدیوں پرانی عمارت اور خوبصورت برج اینڈ باغ تو ثقافتی ورثہ شمار ہوتے ہیں۔ پہلے اون پھر مکئی اور دوائیوں میں استعمال ہوتے پھولوں کی کاشت بھی وجہ شہرت رہی ہے اور موجودہ نام ذعفران کی کامیاب کاشت کی وجہ سے پڑا۔ یورپی بوڑھوں کی لمبی عمر آپ کا کام آسان بنا دیتی ہوگی۔ میں نے کہا۔ بولیں ۔ صرف طویل عمر نہیں بلکہ جسمانی اور ذہنی صحت اور مالی اعتبار سے خوش حال لمبی زندگی بلا شبہ ایک نعمت ہے۔ میں اور میری ٹیم بزرگ مریضوں کے طبی مسائل کے ساتھ ان کی زندگی کے ہر پہلو کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ صر ف سائنسی علم نہیں بلکہ درد مندی ہمیں انفرادی صورتِ حال سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ بڑھاپا کمزوری اور بیماری کا سبب بنتا ہے اور شناسا ماحول میں ان کا مقابلہ نسبتاً آسان ہوتا ہے۔ اپنے خاندان، محبتوں اور پسندیدہ مشاغل کے درمیان۔ ہو سکتا ہے بڑھاپے کا ساتھی بچھڑ چکا ہو لیکن ماحول میں بسی یادوں میں اس کا ساتھ سانس لیتا رہتا ہے۔ سوچو جس گھر کی بنیاد ساتھ رکھی، آنگن میں ساتھ پیڑ لگاے، بچوں کو بڑا کیا، سجاوٹ اور خوشیوں میں حصہ دار بنے، اسے چھوڑنا کتنا مشکل ہوتا ہو گا، ہم مریضوں کے جلد گھر جانے کی خواہش کا احترام کرتے ہیں۔ گھر کی زندگی آسان بنانے کی ہر ممکن سہولت مہیا کرتے ہیں۔ مثلاً نہلانے، گھر کی صفائی اور غذا کی تیاری میں کل یا جز وقتی مدد اور پکے پکائے کھانے کا مسلسل انتظام جو میلز آن وہیلز کہلاتا ہے۔۔۔۔۔۔۔ جاری ہے
For listening all episodes and to subscribe, please click the following link. Thanks https://www.youtube.com/user/shariqwise

I am Azm, a student at Sage University. Enjoy stories by me, my friends and teachers from every corner of the globe in this Urdu / Hindi Podcast serial

Listen, read, reflect and enjoy! www.valueversity.com